حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اہل بیت سے محبت اور رشتہ داریاں - توحید احمد خان رضوی | Islamic Article | Tehseeni Foundation
📞 WhatsApp: 7417998845
📍 Bareilly, Uttar Pradesh

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اہل بیت سے محبت اور رشتہ داریاں

توحید احمد خان رضوی

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اہل بیت سے محبت اور رشتہ داریاں
📅 06 Nov 2026 👁 278 Views

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اہل بیت سے محبت اور رشتہ داریاں

ر سول اللہ ﷺ کے اہلِ بیتِ اطہار اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت و عقیدت ایمان کا حصہ اور دین کی تعلیمات میں سے ہے۔ 

ارشاد باری تعالیٰ ہے:

قُلْ لَّا اَسْـَٔلُكُمْ عَلَيْهِ اَجْرًا اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبٰى۔ (سورہ شوری، آیت ۲۳)

تم فرماؤ میں اس پر تم سے کچھ اجرت نہیں مانگتا مگر قرابت کی محبت۔

اور اللہ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

أَحِبُّوا أَهْلَ بَيْتِي لِحُبِّي" (جامع ترمذی: 3789)

ترجمہ: "اور میرے اہلِ بیت سے میری محبت کی وجہ سے محبت کرو۔"

اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کے تعلق سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

اللَّهَ اللَّهَ فِي أَصْحَابِي، اللَّهَ اللَّهَ فِي أَصْحَابِي، لَا تَتَّخِذُوهُمْ غَرَضًا بَعْدِي، فَمَنْ أَحَبَّهُمْ فَبِحُبِّي أَحَبَّهُمْ، وَمَنْ أَبْغَضَهُمْ فَبِبُغْضِي أَبْغَضَهُمْ" (جامع ترمذی: 3862)

ترجمہ: "میرے صحابہ کے معاملے میں اللہ سے ڈرو، اللہ سے ڈرو! میرے بعد انہیں (تنقید کا) نشانہ نہ بنانا۔ پس جس نے ان سے محبت کی، تو میری محبت کی وجہ سے ان سے محبت کی، اور جس نے ان سے بغض رکھا، تو مجھ سے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھا۔" 

یہ دونوں جماعتیں یعنی صحابہ کرام اور اہل بیت عظام بہت ارفع و اعلی مقامِ رکھتی ہیں۔

صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار رضی اللہ عنہم کے درمیان محبت و مودّت کا نہایت مضبوط اور مثالی رشتہ قائم تھا۔ یہ دونوں مقدس جماعتیں ایک دوسرے کی عزت و تکریم کرتی تھیں اور ایک دوسرے کے فضائل و مناقب کا اعتراف کرتی تھیں۔

بدقسمتی سے آج کچھ لوگ صحابۂ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار کے درمیان اختلاف و عداوت کا تصور پیش کرتے ہیں، حالاں کہ تاریخِ اسلام کے روشن صفحات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اہلِ بیتِ اطہار سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ان کی محبت محض زبانی نہیں بلکہ قلبی، عملی اور دینی تھی۔

ہم یہاں پر سالار صحابہ حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اہل بیت سے محبت اور ان کی رشتہ داری کے تعلق سے کچھ روشنی ڈال رہے ہیں۔

 

حضرت ابو بکر صدیق کی اہلبیت سے محبت:

ایک موقع پر حضرت سیّدُنا ابوبکر صِدّیق رضی اللہ عنہ کے سامنے اہلِ بیت کا ذِکر ہوا تو آپ نے فرمایا:اُس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قُدْرت میں میری جان ہے! رسولِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے قَرابَت داروں کے ساتھ حُسنِ سُلوک کرنا مجھے اپنے قَرابَت داروں سے صِلۂ رحمی کرنے سے زیادہ محبوب و پسندیدہ ہے۔ (بخاری،ج2،ص438،حدیث:3712)

ایک بار حضرت سیّدُنا صِدّیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے احترام کے پیشِ نظر اہلِ بیت کا احترام کرو۔(سابقہ حوالہ، حدیث: 3713)

امام حَسَن کو کندھے پر بٹھایا:

حضرت عُقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سیّدُنا ابوبکر صِدّیق رضی اللہ عنہ نے ہمیں عَصْر کی نَماز پڑھائی، پھر آپ اور حضرت علیُّ الْمُرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم کھڑے ہوکر چل دئیے، راستے میں حضرت حَسن کو بچّوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا تو حضرت سیّدُنا صِدّیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے انہیں اپنے کندھے پر اُٹھا لیا اور فرمایا: میرے ماں باپ قربان! حُضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ہم شکل ہو، حضرت علی کے نہیں۔ اس وقت حضرت علیُّ الْمُرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم مُسکرا رہے تھے۔(سنن الکبریٰ للنسائی،ج 5،ص48، حدیث:8161)

حضرت ابو بکر صدیق کی اہل بیت سے رشتہ داریاں:

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی پاک زندگی کا جب مطالعہ کیا جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ سے لے کر اپنی وفات تک کبھی بھی اہل بیت کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔ اور آپ رضی اللہ عنہ کی اہل بیت سے یہ خصوصی محبت آپ رضی اللہ عنہ کی اولاد میں بھی منتقل ہوتی رہی اور آپ رضی اللہ عنہ نے اہل بیت سے ایک مضبوط رشتہ داری قائم فرمائی۔ جس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے:

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنی پیاری شہزادی حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ کا نکاح شوال المکرم ۸نبوی میں اپنے محبوب آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا۔

حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زوجہ محترمہ ام المومنین حضرت سیدہ میمونہ بنت حارث رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترمہ حضرت سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہ یہ دونوں والدہ کی طرف سے بہنیں تھیں۔ ان کی والدہ محترمہ کا نام ’’ہند بنت عوف‘‘ ہے اور انہیں ’’خولہ بنت عوف‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یوں اس مبارک رشتے سے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہم زلف ہوئے، جنہیں عام زبان میں ساڑھو کہتے ہیں۔ (الطبقات الکبریٰ، ابن سعد، 8: 104)

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے نواسے (یعنی حضرت اسماء بنت ابی بکر کے بیٹے) حضرت سیدنا عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بھتیجے بھی ہیں، کیونکہ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پھوپھی اور حضرت سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کی دادی (یعنی حضرت سیدنا زبیر بن عوام کی والدہ) حضرت سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہ ہیں ۔

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے نواسے حضرت سیدنا عبد اللہ بن زبیر، حضرت سیدنا امام حسن رضی اللہ عنہ کے داماد بھی ہیں ۔ حضرت سیدنا امام حسن رضی اللہ عنہ کی بیٹی حضرت سیدہ ام الحسن رضی اللہ عنہا عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کی زوجہ ہیں ۔

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ایک بیٹے حضرت سیدنا محمد بن ابوبکر رضی اللہ عنہ ہیں جن کی والدہ حضرت سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہ ہیں ۔ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے وصال کے بعد ان سے امیرالمومنین حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے نکاح فرمایا ۔ چنانچہ اس لحاظ سے حضرت سیدنا محمد بن ابوبکر رضی اللہ عنہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے سوتیلے بیٹے ہوئے اور حضرت سیدنا امام حسن و حسین رضی اللہ عنہ آپ کے علاتی بھائی (یعنی باپ شریک بھائی) ہوئے ۔

حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترم حضرت سیدہ شہر بانو رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے بیٹے حضرت سیدنا محمد بن ابوبکر رضی اللہ عنہ کی زوجہ دونوں آپس میں سگی بہنیں تھیں۔ حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں حضرت سیدنا حریث بن جابر جعفی رضی اللہ عنہ نے شاہ ایران یزد جرد بن شہر یار کی دو بیٹیاں آپ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں بھیجیں تو آپ رضی اللہ عنہ نے ان میں سے بڑی بیٹی حضرت سیدہ شہر بانو رضی اللہ عنہ کانکاح اپنے بیٹے حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے فرمادیا اور چھوٹی بیٹی کانکاح حضرت سیدنا محمد بن ابوبکر رضی اللہ عنہ سے فرما دیا ۔ (لباب الانساب والالقاب والاعقاب)

حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی والدہ محترمہ کا اسم گرامی حضرت سیدہ ام فروہ ہے یہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پوتے حضرت قاسم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیٹی ہیں۔ جبکہ حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کے والد گرامی کا اسم مبارک حضرت سیدنا امام محمد باقر بن علی زین العابدین بن حسین بن علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ہے ۔ اس طرح حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ والدہ کی طرف سے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور والد کی طرف سے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے جاملتے ہیں ۔ (شرح العقائد:328)

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی پوتی حضرت سیدہ حفصہ بنت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ، حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی زوجہ ہیں۔ اس طرح حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اس حوالے سے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے داماد محترم ہوئے ۔ (الطبقات الکبری لابن سعد، 8: 342)

یہ مذکورہ بالا رشتہ داریاں اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اہل بیت اطہار رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں بے پناہ محبت تھی اور دونوں ایک دوسرے کو قدر اور عظمت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

اللّٰہ تعالٰی ہم سب کو اہل بیت کرام اور صحابہ عظام سے محبت کرنے اور ان کو تعظیم و تکریم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین۔ علیہ الصلٰوۃ والتسلیم۔